روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ضریح ساز ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے امام حسین(ع) اور امام تقی(ع) کے سرداب کے لیے بنائی جانے والی ضریحوں کی تفصیلات کو شیئر کیا گیا ہے۔
مذکورہ بالا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ سید ناظم غرابی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ امام حسین(ع) اور امام محمد تقی(ع) کے سردابوں کے لیے بنائی گئيں ضریحاں مختلف دھاتوں سے تیار کی گئی ہیں، جن میں چاندی، سونا، تانبا اور سٹیل شامل ہیں، ضریح کا ڈھانچہ صاج کی لکڑی سے تیار کیا گیا ہے، جو اپنی مضبوطی کے لئے مشہور ہے۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں ضریحوں کے بیرونی اور داخلی ڈیزائن میں کافی مشابہت پائی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضریحوں کے نچلےفریم (کہ جسے ضریح کا پل بھی کہا جاتا ہے) کو 5 ملی میٹر موٹائی کی سٹینلیس سٹیل سے تیار کیا گیا ہے، جو ضریح کے مواد کو کو نمی اور پانی کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہو گا۔
انھوں نے بتایا کہ ان ضریحوں میں موجود قرآنی اور شعری پٹیوں کا کام تقریبا 100% مکمل ہو گیا ہے صرف انہیں سونے کے پانی سے پالش کرنا باقی ہے، اور ہر ضریح میں 9 دریچے ہیں، جن میں ایک دریچہ ضریح کے دروازہ پر مشتمل ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضریحوں کے جانبی ستون اور تاج کو 6 ملی میٹر موٹی چاندی سے بنایا گیا ہے، ان کا اندرونی ڈیزائن خوبصورت نقش ونگار پر مشتمل ہے۔
غرابی نے مزید کہا کہ ضریحوں کی اونچائی 2.80 میٹر ہے اور اس کے فریم کی لمبائی 11 میٹر ہے۔
انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ کام کی تکمیل کی شرح 95% سے تجاوز کر گئی ہے، صرف سونے کا کام اور دیگر تکمیلی کام باقی ہیں۔