آیت اللہ سید سیستانی سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی کی ملاقات

اعلی دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی (دام ظلہ) سے آج بروز پیر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے برائے عراق نے ملاقات کی۔

ان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق:

جناب سید سیستانی (دام ظله) نے آج صبح اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ اور عراق میں اقوام متحدہ کے مشن (یونامی) کے سربراہ ڈاکٹر محمد حسان، اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد سے ملاقات کی۔

ڈاکٹر محمد الحسان نے اعلی دینی قیادت کو بین الاقوامی مشن کی ذمہ داریوں اور آئندہ عرصے میں اس کے کردار کے بارے میں مختصر بریفنگ دی۔ اس پر اعلی دینی قیادت نے عراق میں اقوام متحدہ کی موجودگی کا خیرمقدم کیا اور ان کے مشن کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور عراق کو درپیش موجودہ چیلنجز اور عوام کے مختلف مسائل کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ عراقی عوام، خاص طور پر باشعور اشرافیہ کو گزرے تجربات سے سبق سیکھنا چاہیے اور ان ناکامیوں سے نکلنے اور اپنے ملک کے بہتر مستقبل کے لیے بھرپور محنت کرنی چاہیے تاکہ ملک میں سب کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی حاصل ہو۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ صرف اسی صورت ممکن ہے کہ ملک کو سنبھالنے کے لیے علمی اور عملی منصوبے تیار کیے جائیں اور انتظامی عہدوں پر فائز ہونے کے لیے قابلیت اور دیانتداری کو ترجیح دی جائے، مختلف صورتوں میں موجود خارجی مداخلت کو روکا جائے، قانون کی حکمرانی کو نافذ کیا جائے، اسلحہ صرف حکومت کے پاس ہو، اور ہر سطح پر بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ البتہ ایسا لگتا ہے کہ عراقیوں کے لیے اس منزل تک پہنچنے کا راستہ طویل ہے اور اللہ ان کی مدد کرے۔

علاقے کی کشیدہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے اعلی دینی قیادت نے لبنان اور غزہ میں جاری المیے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور بین الاقوامی برادری اور عالمی اداروں کی جانب سے ان مسائل کے حل یا کم از کم عام شہریوں کو وحشیانہ اسرائیلی جارحیت سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔

دفتر سید سیستانی (دام ظلہ) - نجف اشرف
1/جمادی الاول/1446ھ بمطابق 4نومبر 2024
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: