اعلیٰ دینی قیادت حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) کے دفتر نے پاکستان میں مکتبِ اہل بیت(ع) کے پیروکاروں کی شہادت پر ایک تعزیتی بیان جاری کیا ہے۔
جس میں کہا گیا ہے:
بسم الله الرحمن الرحيم
(إنَّا للّٰه وإنا إليه راجعون)
پاکستان کے شہر پاڑہ چنار میں رہنے والے ہمارے مومن بھائیو اور بہنو (أعزَّهم اللّٰه تعالى)
السلام عليكم ورحمة اللّٰه وبركاته
ایک مرتبہ پھر دہشت گردوں نے پارہ چنار سے پشاور جانے والے مسافروں پر مسلح حملہ کر کے سفاکانہ جرم کا ارتکاب کیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد معصوم نہتھے مومنین شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
ہم اس سانحہ پر آپ کو تعزیت پیش کرتے ہیں، اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و افسوس کا اظہار کرتے ہیں، ہم اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ وہ تمام متاثرین کو صبر و تسلی دے، زخمیوں کو شفاء عاجل سے نوازے، اور اس دردناک سانحہ کے شہداء کو بلند درجات عطا فرمائے۔
حوزہ علمیہ نجف اشرف اور شیعہ اعلی دینی قیادت اس وحشیانہ جرم کی مذمت کرتی ہے کہ جس میں مسلمانوں کے اتحاد کو نشانہ بنایا گیا ہے، اور پاکستان کی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ دہشت گرد جماعتوں کے ظلم اور جرائم کا سامنا کرنے والے مظلوم عوام کے لیے ضروری اقدامات کرے، اور انتہا پسند، سنگ دل دہشت گردوں کو معصوم مومنین پر وحشیانہ حملے کرنے کی اجازت نہ دے۔
ہم اللہ تعالی سے پاکستانی عوام کی عزت و کرامت کی سلامتی کے لیے دعا گو ہیں۔
دفتر سید سیستانی (دام ظلہ) - نجف اشرف
