روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے زیر اہتمام پاکستان میں حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کی مناسبت سے دوسرے سالانہ وویمن فیسٹیول کا انعقاد

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے زیر اہتمام پاکستان کےشہر کراچی میں حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کی مناسبت سے دوسرے سالانہ وویمن فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

یہ فیسٹیول روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ فکرو ثقافت سے منسلک تراث الأنبياء انسٹی ٹیوٹ /اردو برانچ کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے، جو کئی روز تک جاری رہےگا۔

اس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کےمتولی شرعی کے دفتر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر افضل الشامی، شعبہ مذہبی امور کے سربراہ شیخ صلاح الکربلائی، شعبہ تعلقات عامہ کے نائب سربراہ سید محمد جلوخان، حرم مقدس کے متعدد عہدیداران کے علاوہ اعلی علمی اور حوزوی شخصیات نے شرکت کی۔

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کےمتولی شرعی کے دفتر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر افضل الشامی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "یہ کوئی راز نہیں ہے کہ عراق کے مقامات مقدسہ، بالخصوص روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) ہمیشہ ایسے پروگرام اور سرگرمیاں منعقد کرتا ہے جن کا مقصد اسلامی شناخت کی حفاظت اور امت مسلمہ کا اللہ تعالیٰ، اس کے رسول (ص) اور اہل بیت (علیہم السلام) کے ساتھ تعلق کو مضبوط کرنا ہے، اور یہ فیسٹیول بھی انہی سرگرمیوں میں شامل ہے۔ اس فیسٹیول کے ضمن میں مختلف علمی ، فکری و ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمہ زہراء (سلام اللہ علیہا) کی سیرت مبارکہ پر ایک سیمینار اور کراچی میں لڑکیوں کے لیے ایک تعلیمی و تربیتی پروگرام کا انعقاد بھی شامل ہے۔"

فیسٹیول کے کوآرڈینیٹر شیخ ناصر عباس نے کہا کہ "اس فیسٹیول کے ضمن میں مختلف ثقافتی و علمی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی جن میں فیسٹیول کی افتتاحی تقریب، حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت مبارکہ پر ریسرچ سیشنز، محفل مشاعرہ، الکوثر یونیورسٹی کی طالبات کے لئے گریجویشن تقریب، مسلم علماء کانفرنس اور الکوثر یونیورسٹی میں روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام)کےعلم مبارک کو لہرانے کی تقریب شامل ہے۔"

انہوں نے کہا کہ "اس فیسٹیول کے ضمن روضہ مبارک کا وفد پاکستان کے متعدد شہروں کا دورہ کرے گا اور وہاں حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کی مناسبت سے عزائی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا، اور روضہ مبارک حضرت عباس(علیہ السلام)کا علم مبارک لہرایا جائے گا۔"
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: