روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کی جانب سے پاکستان میں دوسرے سالانہ وویمن فیسٹیول کے ضمن میں یونیورسٹی کی طالبات کے لیے سائنسی منصوبوں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
یہ فیسٹیول روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ فکرو ثقافت سے منسلک تراث الأنبياء انسٹی ٹیوٹ /اردو برانچ کے زیر اہتمام پاکستان کےشہر کراچی میں حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کی مناسبت منعقد کیا جا رہا ہے، جو کئی روز تک جاری رہےگا۔
پاکستان میں حرم مقدس کے نمائندے شیخ ناصر عباس نجفی نے کہا: "وویمن فیسٹیول کے دوسرے دن کی سرگرمیوں میں یونیورسٹی کی طالبات کے لیے سائنسی منصوبوں کی ایک نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں طبیعیات، حیاتیات اور دیگر سائنسی علوم سے متعلق 20 پریزنٹیشنز نمائش میں پیش کی گئی تھیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے وفد نے نمائش کو دیکھا اور وہاں موجود طالبات ،ان کے والدین اور اساتذہ سے ملاقات کی، تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ وفد نے نمائش میں حصہ لینے والی طالبات میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔"
اس فیسٹیول کے ضمن میں مختلف ثقافتی و علمی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی جن میں فیسٹیول کی افتتاحی تقریب، حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت مبارکہ پر ریسرچ سیشنز، سیمینارز، محفل مشاعرہ، الکوثر یونیورسٹی کی طالبات کے لئے گریجویشن تقریب، مسلم علماء کانفرنس اور الکوثر یونیورسٹی میں روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام)کےعلم مبارک کو لہرانے کی تقریب شامل ہے۔"
اس فیسٹیول کے ضمن روضہ مبارک کا وفد پاکستان کے متعدد شہروں کا دورہ کرے گا اور وہاں حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کی مناسبت سے عزائی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا، اور روضہ مبارک حضرت عباس(علیہ السلام)کا علم مبارک لہرایا جائے گا۔
دوسرے سالانہ وویمن فیسٹیول کا مقصد پاکستان میں سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمہ زہراء (سلام اللہ علیہا) کے یوم شہادت کو منانا اور ان کی سیرت مبارکہ کو اجاگر کرنا ہے۔






