روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی مرکزی پروگرام کمیٹی نے حرم مطہر سے منسلک ملازمین کے لیےمرکزی پروگرام کے دوسرے سال کے ساتویں مہینے کے تیسرے ہفتے کی سرگرمیاں مکمل کر لی ہیں۔
یہ پروگرام مسلسل دوسرے سال روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ پائیدار ترقی کے تعاون سے مرکزی پروگرام کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے، اور اس کا مقصد شرکاء کے فکری، مذہبی اور ثقافتی علم میں اضافہ کرنا ہے۔
پروگرام کے لیکچرر شیخ مصطفیٰ العیدانی نے کہا: "پروگرام کا اختتام ایک لیکچر پر ہوا، جس کا عنوان تھا 'عصر حاضر کے چیلنجز اور پوشیدہ میڈیا'، جس میں منفی میڈیا کی حکمت عملیوں اور ان پالیسیوں پر روشنی ڈالی گئی جو نقصان دہ مواد کو فروغ دے سکتی ہیں۔"
شعبہ پائیدار ترقی کے سید محمود غانم نے کہا: "اس پروگرام میں مختلف دینی سیشنز بھی شامل تھے، جن میں کتاب (نہج البلاغہ) کے بارے میں شیخ ہانی الربیعی کا ایک لیکچر بھی شامل تھا۔ "
مرکزی پروگرام کمیٹی کی طرف سے پیش کیا جانے والا یہ پروگرام اہم اور ترقیاتی اقدامات میں سے ایک ہے۔ اس پروگرام میں ہر ہفتے پانچ دن متعدد شعبہ جات کے تقریباً (80) ملازمین شرکت کرتے ہیں اور اس پروگرام کا ہدف روضہ مبارک سے منسلک تمام عملے کو آئندہ ہفتہ وار پروگراموں میں شریک کرنا ہے۔ اس پروگرام میں مذہبی، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ترقیاتی ورکشاپس، مختلف مقابلوں کا انعقاد اور مقامات مقدسہ کے منصوبوں کے دورے شامل ہیں۔
اس پروگرام کا مقصد اراکین کی فکری اور ثقافتی سطح کو بلند کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں حرم مقدس کی علمی، تعلیمی، خدماتی، زرعی اور صنعتی سرگرمیوں سے آگاہ کرنا ہے۔







