روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی نے بزرگ عالم دین ابو الحسن مشکینی کی کتاب "موسوعة كتاب الصلاة" کے مراسم رونمائی ادا کیے۔
یہ تقریب رونمائی (الميرزا أبو الحسن المشكيني وإرثه الفقهي: كتاب الصلاة أنموذجًا) کے عنوان سے منعقدہ علمی سمپوزیم کے ضمن میں منعقد ہوئی کہ جس میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی مجلس ادارہ کے ارکین، مختلف شعبوں کے سربراہان اور حوزہ علمیہ نجف اشرف کے اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دس جلدوں پر مشتمل اس کتاب کی اشاعت کا اہتمام روضہ مبارک کے ذیلی ادارے مرکز احیاء تراث نے کیا، جبکہ کتاب کی علمی مراجعت کا کام مرکز شیخ طوسی نے انجام دیا۔ یہ کتاب اپنے مضبوط علمی اسلوب کی بدولت منفرد مقام کی حامل ہے اور اصالت اور توثیق کے بہترین امتزاج کو پیش کرنے کے سبب فقہاء اور محققین کے لیے ایک جامع مرجع بن چکی ہے۔
کتاب کی تحقیق دو نسخوں پر مبنی ہے: ایک نسخہ خود مؤلف کے خط میں لکھا ہوا ہے، جبکہ دوسرا ان کے شاگرد، سید مرتضیٰ خلخالی کے ہاتھ سے نقل کیا گیا۔ سید مرتضیٰ نے اپنے نسخے میں رہ جانے والے امور کو بھی لکھا ہے اور حاشیہ میں موارد تامل کی نشاندہی کرنے کے لیے "فتأمل" کے الفاظ استعمال کیے ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی بھرپور کوششش ہے کہ علماء کی علمی اور فقہی تراث کو محفوظ رکھا جائے، تاکہ یہ آئندہ نسلوں تک صحیح اور مکمل صورت میں پہنچ سکے۔ روضہ مبارک کا مقصد اسلامی فکر کی خدمت اور حوزہ علمیہ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، تاکہ علم و دانش کے روشن مینار کے طور پر اس کی پہنچان و احترام ہو۔


