یہ تقریب کربلا گورنریٹ میں روضہ مبارک حضرت عباس (ع) سے منسلک سدر فارم میں (تفوّق الأيتام دراسيّاً أجمل معاني الوفاء للوطن)کے نعرے کے تحت منعقد کی گئی تھی۔
روضہ مبارک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن ڈاکٹر عباس الددہ الموسوی نے کہا کہ "یتیم کی دیکھ بھال کرنے والے فرد یا ادارہ کو خدا کی خوشنودی و رضا حاصل ہوتی ہے، اور اس کمزور گروہ کو ایک حامی و مددگار کی ضرورت ہوتی ہے جو ان کی مدد کرے تاکہ انہیں ایک آزاد، محفوظ اور باوقار زندگی مل سکے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ،"دیکھ بھال اور کفالت کا تصور صرف مادی، سماجی اور نفسیاتی مدد تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ ہمیں ان کی تربیت اسلامی اقدار و اصولوں کے مطابق کرنی چاہئے تاکہ وہ اللہ کی دین کی طرف رہنمائی حاصل کریں۔"
الموسوی نے کہا کہ "یہ فورم اس نقطہ نظر کا ترجمان ہے، کیونکہ یہاں ہم ان بچوں کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں، جن کی کفالت نور الحسن فاؤنڈیشن (علیہ السلام) کرتی ہے، یہ فاؤنڈیشن روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے متولی شرعی سید احمد صافی کے زیر نگرانی کام کر رہی ہے، اور ہم ان کی تعلیم پر زور دیتے ہیں کیونکہ وطن صرف علم اور اس کے تعلیم یافتہ بچوں کے ذریعے ہی ترقی کرتا ہے۔"
اپنی طرف سے فاؤنڈیشن کے صدر جناب عیسیٰ الحسنی نے کہا، "ہم روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے جنرل سیکرٹریٹ کے تعاون سےہر سال اس دن کو سالانہ فیسٹیول کے طور پر مناتے ہیں تاکہ سال 2023-2024 کے دوران تمام تعلیمی مراحل ( کنڈرگارٹن سے لے کر کالجز اور یونیورسٹیوں) میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یتیم طلباء کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "اس سال ہم یہ تقریب 300 ہونہار اور ممتاز طالبعلموں کے اعزاز میں منعقد کر رہے ہیں۔ ان طالبعلموں کا تعلق کنڈرگارٹن سے لے کر یونیورسٹی تک سے ہے اور یہ تمام طالب علم یتیم ہیں یا پھر مستحق خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ اور ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم انہیں معاشرے میں آگے بڑھنے اور حصول علم میں مدد فراہم کر رہے ہیں ۔ "
انہوں نے کہا، "یہ اعزاز یتیموں کو ان کی تعلیمی کامیابیوں کو برقرار رکھنے اور ان میں علم اور سائنسی تحقیق کے میدان میں مسابقت کے جذبے کو پھیلانے کی ترغیب دینے کے لئے ہے، اس کے علاوہ ان اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کرنے کے لئے بھی ہے جنہوں نے اپنی محنت، لگن اور ایمانداری کے ساتھ ان یتیم بچوں کو ان تعلیمی مراحل تک پہنچایا۔"