امام تقی(ع) کے جشن میلاد کی یہ تقریب روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے باب قبلہ کے سامنے واقع بیرونی صحن میں منعقد کی گئی جس میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے نائب سیکرٹری جنرل، دفتر متولی شرعی کے ڈائریکٹر جواد حسناوی، متعدد شعبوں کے سربراہان، روضہ مبارک کے خدام ، معروف دینی شخصیات اور زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا، اس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے جنرل سیکرٹریٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ علی موحان نے استقبالیہ خطاب کیا اور اس مبارک دن اور ماہ رجب میں آئمہ معصومین(ع) کے جشن ہائے میلاد کی مناسبت سے حاضرین اور امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کی۔
شیخ موحان نے اپنے خطاب میں امام محمد تقی(ع) کی سیرت طیبہ اور فضائل و مناقب پر بھی روشنی ڈالی۔
روضہ مبارک کی مرکزی تقریبات کی کمیٹی کے رکن سید عقیل یاسری نے اس حوالے سے بتایا کہ یہ تقریب متنوع فقرات پر مشتمل تھی، جن میں اس مناسبت سے خطابات، نظمیں اور قصیدے سرفہرست ہیں۔
انہوں نے مزید کہا تقریب کے اختتام پر امام محمد تقی(ع) کے جشن میلاد کی مناسبت سے منعقد کئے گئے آن لائن خصوصی ثقافتی مقابلے کے فاتحین کو انعامات و اعزازات سے نوازا گیا۔



















