روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ برائے فکری و ثقافتی امور نے ذی قار گورنریٹ کے نوجوانوں کے ایک گروپ کے لیے "مومن کی صفات" کے عنوان سے ثقافتی سمپوزیم کا انعقاد کیا۔
اس سمپوزیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مذکورہ بالا شعبہ سے وابستہ القمر کلچرل فورم کے ڈائریکٹر شیخ حارث الداحی نے بتایا کہ اس سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے سید جعفر مروج نے انسان کے اپنے رب کے ساتھ تعلق کو مضبوط کرنے اور معاشرے میں اپنے کردار کو مستحکم کرنے کے لیے مطلوبہ اخلاقی اور ایمانی صفات کو اپنانے پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ: سمپوزیم میں ان صفات کے بنیادی پہلوؤں پر گفتگو کی گئی کہ جن کا ایک مومن نوجوان میں ہونا ضروری ہے، اس کے علاوہ عقیدۂ حقہ کے لیے ایمان کی فکری بنیادوں، ان صفات کے انسانی رویے پر اثرانداز ہونے، ان اقدار کے سماجی زندگی کے چیلنجوں کا سامنا کرنے اور مختلف میدانوں میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنے کے حوالے سے بات کی گئی۔



