روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا شعبہ برائے آلات و مشینری امام موسٰی کاظم(ع) کے یوم شہادت کے احیاء کے لیے کاظمیہ آنے والے زائرین کو روضہ مبارک امام موسی کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع) تک پہنچانے اور وہاں سے واپس لانے کے لیے ٹرانسپورٹ پلان میں اپنی دسیوں گاڑیوں کے ساتھ شریک ہے۔
روضہ مبارک کے کاظمیہ میں موجود خدماتی وفد کے سربراہ خلیل مہدی ہنوں نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ مشینری ڈپارٹمنٹ کی 15سے زیادہ گاڑیاں کاظمیہ میں زائرین کو روضہ مبارک تک پہنچانے اور وہاں سے واپس لے جانے کے لیے دن رات سرگرم عمل ہیں۔ اس کے علاوہ صفائی کرنے اور کوڑا کرکٹ کو ہٹانے کے لیے متعدد گاڑیاں خدمات فراہم کر رہی ہیں۔ شعبہ طب کی ایک طبی ٹیم اور ایمبولیسز بھی زائرین امام موسی کاظم(ع) کو خدمات فراہم کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے ہر سال کی طرح امسال بھی امام موسٰی بن جعفر الکاظم(ع) کے یوم شہادت کے موقع پہ پرسہ پیش کرنے کے لیے آنے والے زائرینِ امام موسی کاظم(ع) کی خدمت کے لیے کاظمیہ میں موکب لگایا ہے جو زائرین کو دن رات اپنی متنوع خدمات پیش کر رہا ہے۔ ہر روز صبح، دوپہر اور رات کے کھانے کا وسیع پیمانے پر انتظام کے علاوہ باقی درمیانی اوقات میں بھی زائرین کو ہلکے پھلکے کھانے پیش کیے جا رہے ہیں۔ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبۂ صحن نے زائرین کے رات گزارنے اور آرام کرنے کے لیے بڑے بڑے خیمے نصب کیے ہیں۔








