روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے دینی رہنمائی ڈویژن برائے خواتین نے یوم مبعث نبوی(ص) کے پُرمسرت موقع پر ایک محفل کا انعقاد کیا۔
مذکورہ بالا ڈویژن کی سربراہ عذراء شامی نے اس بارے میں بتایا ہے کہ اس محفل کا آغاز زہراء حسین نے تلاوتِ قرآن مجید سے کیا، اس کے بعد محترمہ رجاء علی نے خطاب کیا اور نزول وحی کے بارے میں اہل سنت اور اہل بیت(ع) سے مروی روایات کے درمیان موجود فرق پر روشنی ڈالی اور اسی طرح مبعث نبوی اور معراج کے بارے میں تقابلی گفتگو کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تقریب میں حسینی خطابت ڈویژن سے منسلک ذاکرہ نے ولائی نذرانۂ عقیدت پیش کیا، اس کے بعد "سوال و تحفہ" پروگرام کے تحت محفل میں موجود خواتین اور بچیوں سے اس مناسبت کے حوالے سے سوالات کیے گئے، اور محفل کا اختتام دعائے فرج کی تلاوت پر ہوا۔
شامی نے یہ بھی ذکر کیا کہ یوم مبعث نبوی(ص) کی مناسبت سے ہماری ساتھیوں نے صحن شریف میں موجود بچوں اور بچیوں سے معلوماتی سوالات کیے اور ان میں انعامات تقسیم کیے۔
اس کے علاوہ بچوں کے لیے ایک دوسرے پروگرام میں تصاویر میں رنگ بھرنے کے ذریعے دینی ثقافت کو فروغ دینے کی سعی کی گئی اور اسی طرح محفل میں شرکت کرنے والی خواتین میں متبرک تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔





