نور الکفیل کمپنی کی بغداد بین الاقوامی نمائش میں اپنی حیوانی اور غذائی مصنوعات کے ساتھ شرکت

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ذیلی ادارے نور الکفیل کمپنی برائے حیوانی و غذائی مصنوعات نے 48ویں بغداد بین الاقوامی نمائش میں اپنی مصنوعات نمائش کے لیے رکھی ہیں۔

کمپنی کے میڈیا انچارج ماہر حسناوی نے بتایا ہے کہ کمپنی نے سرخ اور سفید گوشت، تمام اقسام کے دودھ، خشک غذائی مواد، تیار شدہ کھانوں اور گرم مسالوں سمیت اپنی بہت سی مصنوعات‎ کو بغداد بین الاقوامی نمائش میں لگائے گئے اپنے اسٹال میں رکھا ہے، اس کے علاوہ ہماری ٹیم نمائش کے مرکزی دروازوں پر مہمانوں میں کوپن تقسیم کر رہی ہے اور ان کوپنز کے حاملین کو قرعہ اندازی کے ذریعے نقدی یا عینی انعامات دیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی کی اس نمائش میں شرکت کا مقصد دیگر کمپنیوں کے ساتھ تعاون اور تعلقات کو فروغ دینا اور اپنی غذائی اور حیوانی مصنوعات کو عوام کے سامنے پیش کرنا اور ان کی آراء حاصل کرنا ہے۔

حسناوی نے مزید کہا کہ نور الکفیل کمپنی ملکی مصنوعات کو فروغ دینے، ملکی معیشت کو مستحکم کرنے اور عوام کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ اس نمائش کا انعقاد وزارتِ تجارت عراق نے "سرمایہ کاری – ترقی – خوشحالی" کے نعرے کے تحت کیا ہے ، اور اس میں 22 ممالک اور صنعتی، زرعی، تجارتی، اور سیاحتی شعبوں سے منسلک 1250 سے زائد مقامی و عالمی کمپنیاں شریک ہیں۔ یہ نمائش یکم سے سات فروری 2025 تک جاری رہے گی۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: