اس فیسٹیول کی مرکزی تقریب روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے باب قبلہ کے سامنے بیرونی صحن میں اس شعار (أين استقرت بك النوى) کے تحت منعقد ہوئی، کہ جس میں دونوں روضات مقدسہ کے اعلی اداری عہدیداران، مذہبی اور سرکاری شخصیات اور زائرین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس تقریب میں امام مہدی(عج) کی ظاہری زندگی کے سالوں کی تعداد کے برابر (1191) شمعیں روشن کی گئیں، جن سے دیدہ زیب انداز میں "متى ترانا ونراك" کی عبارت لکھی گئی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد دونوں روضات مقدسہ کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ علی موحان نے استقبالیہ خطاب کیا اور اس پرمسرت مناسبت پر حاضرین اور امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کی۔
روضہ مبارک کی مرکزی تقریبات کی کمیٹی کے رکن سید عقیل یاسری نے اس حوالے سے بتایا کہ امام مہدی(عج) کے جشن میلاد کے احیاء کے لیے منعقدہ یہ تقریب متنوع فقرات پر مشتمل تھی، جن میں اس مبارک مناسبت سے خطابات، نظمیں اور قصیدے سرفہرست ہیں۔ تقریب کے اختتام پر حضرت عباس(ع) کے جشن میلاد کی مناسبت سے منعقد کئے گئے آن لائن خصوصی ثقافتی مقابلے کے فاتحین کو انعامات و اعزازات سے نوازا گیا۔
امام الحجہ ابن الحسن (عج) کی زندگی کے سالوں کی تعداد کے برابر شمعیں روشن کرنے کی اس سالانہ روایت کا آغاز واسط گورنریٹ کے نواحی شہر صویرہ سے تعلق رکھنے والے مقداد كريم هادي نے سن2001ء میں کیا تھا جس کے بعد اس روایت نے وسعت اختیار کرتے کرتے ایک فیسٹیول کی صورت اختیار کر لی کہ جو ہر سال روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے زیر سرپرسی منعقد ہوتا ہے۔





























