شعبہ برائے حسینی شعائر، مواکب اور ہیئات نے بتایا ہے کہ زائرینِ نیمۂ شعبان کو مطلوبہ خدمات فراہم کرنے میں 700 سے زیادہ حسینی مواکب مصروف عمل ہیں کہ جن کا تعلق عراق کے مختلف علاقوں سے ہے اور یہ ان مواکب کی تعداد ہے کہ جو مذکورہ شعبہ میں رجسٹرڈ ہیں جبکہ زائرین کی خدمت کرنے والے انفرادی اور ذاتی مواکب کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے کہ جو اوپر بتائی گئی تعداد میں شامل نہیں کیے گئے۔
مذکورہ بالا شعبہ کے نائب سربراہ کاظم صالح مہدی نے کہا ہے کہ عراق اور بیرون ملک سے زیارتِ نیمۂ شعبان کے احیاء کے لیے آنے والے زائرین کو عراق کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 700 سے زیادہ مواکب خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے شعبہ نے زائرین کی خدمت میں حصہ لینے والے حسینی مواکب کے کام کو منظم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا، اور اس سلسلے میں کربلا پولیس کے شعبہ قانون اور دونوں مقدس روضوں کی حفاظت پر مامور ادارے (مديرية حماية المرقدَينِ الشريفَينِ) کے تعاون سے مواکب کے لیے خصوصی کفالت نامے جاری کیے۔
زائرین کی خدمت کے لیے لگائے "موکب شباب العباس(ع)" کے رکن حیدر طائی نے کہا ہے کہ شعبۂ شعائر نے مواکب کی تنصیب کے مقامات کو منظم کرنے، ان کے کام کو مربوط و ہم آہنگ کرنے، ان کے لیے کفالت نامے جاری کرنے اور نیمۂ شعبان کے موقع پر آنے والے زائرین کو خدمات فراہم کرنے میں حسینی مواکب کو مکمل معاونت فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ زائرین کی حفاظت اور ان کی آسان نقل وحرکت کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کی طرف سے مقرر کردہ قواعد وضوابط کو حسینی مواکب مکمل فالو کر رہے ہیں۔
واضح رہے ہر سال پندرہ شعبان کی رات اور دن میں عراق اور بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے دسیوں لاکھ مومنین امام مہدی(عج) کے جشن میلاد کے احیاء اور روضات مقدسہ کی زیارت کے لیے کربلا آتے ہیں۔




