روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے ماہ رمضان المبارک کی مناسبت سے اردو زبان بولنے والوں کے لیے ((مہمانِ خدا)) کے عنوان سے ایک آن لائن کورس کا آغاز کیا ہے، جس میں تقریباً 9500 افراد حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے نمائندے شیخ ناصر عباس نجفی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ اس کورس میں حصہ لینے کے لیے پاکستان، ہندوستان، آسٹریلیا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، بیلجیئم، کینیڈا، ایران اور دیگر ممالک سے 9401 افراد نے اندراج کروایا ہے۔ اس کورس کا مقصد شرکاء میں دینی شعور کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس کورس کی سرگرمیاں پورا مہینہ جاری رہیں گی، پورا ماہ زوم کے پلیٹ فارم کے ذریعے مختلف موضوعات پر دروس کا انعقاد کیا جائے گا جن میں نبی کریم(ص) کے خطبہ شعبانیہ کی تشریح، رمضان المبارک کے دوران آنے والی دینی مناسبات، تلاوتِ قرآن کی فضیلت اور شبہائے قدر کے احیاء جیسے موضوعات سرفہرست ہیں۔
نجفی نے یہ بھی بتایا کہ کورس کا اختتام شرکاء کے امتحان پر ہو گا، اور شرکاء کی حوصلہ افزائی کے لیے ان میں قیمتی انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
