اعلیٰ دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) سے غزہ کی پٹی سے واپس آنے والے عراقی ڈاکٹر محمد ابو رغیف موسوی نے ملاقات کی ہے۔
دفتر آیت اللہ سیستانی سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اعلی دینی قیادت سید علی سیستانی نے عراقی ڈاکٹر محمد طاہر کامل ابو رغیف موسوی سے ملاقات کی اور ان سے مصیبت زدہ غزہ کی مخدوش صحت و طبی حالت کے بارے میں تفصیل سے سنا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سید سیستانی نے عراقی ڈاکٹر کی طرف سے وہاں قیام کے دوران کی جانے والی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ جناب سید سیستانی کا ہمیشہ سے غزہ کے موجودہ حالات اور فلسطینی عوام کی مشکلات کے بارے میں واضح موقف رہا ہے، کہ جس میں فلسطینی عوام کے حقوق اور ان کے حقِ خود ارادیت کی حمایت، فلسطینی عوام کی مشکلات میں ان کے ساتھ کھڑا ہونے اور دشمنوں کے عام شہریوں پر ظلم و تشدد کی مذمت پر زور دیا گیا ہے۔
غزہ کی پٹی کے خلاف حالیہ واقعات اور جارحیت کے بعد سید سیستانی کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا: پوری دنیا سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اس خوفناک سفاکیت کے خلاف اٹھ کھڑی ہو اور قابض افواج کو مظلوم فلسطینی عوام کو مزید نقصان پہنچانے کے اپنے منصوبوں کو جاری رکھنے سے روکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سات دہائیوں سے جاری اس مظلوم قوم کی تکالیف کا خاتمہ اس کے جائز حقوق کے حصول اور اس کی مقبوضہ سرزمین پر سے قابض افواج کے انخلاء ہی ممکن ہے اور یہی اس خطہ میں امن و سلامتی کے قیام کا واحد راستہ ہے، اور جب تک ایسا نہیں ہوتا، دشمنوں کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی اور تشدد کی یہ لامتناہی لہر مزید معصوم جانوں کو نگلتی رہے گی۔
سید سیستانی کے حالیہ بیانات ان کے انسانی اور دینی اقدار کے ساتھ عمیق وابستگی کی عکاسی کرتے ہیں، جو امن و انصاف کی دعوت دیتے ہیں اور فلسطین میں جاری حالات پر ان کی گہری تشویش کو ظاہر کرتے ہیں۔
