دوسرے سالانہ العمید ایوارڈ برائے تلاوتِ قرآن کے مقابلوں کے پہلے مرحلے میں عربی اور اسلامی ممالک کے تین نامور قاریانِ قرآن نے شرکت کی۔
یہ عظیم دینی و روحانی مقابلہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے "قرآن علمی کمپلکس" کے زیر اہتمام منعقد ہو رہا ہے، جس میں 22 ممالک کے نامور قاریانِ قرآن شریک ہیں۔ ان میں سے بچوں کے زمرے میں 10 قاری ہیں جبکہ دیگر 30 قاریوں کو بڑوں کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔ جبکہ مقابلے کی نگرانی ایک بین الاقوامی ججز کمیٹی کر رہی ہے۔
پہلے مرحلے میں ایران کے قاری رحیم شریفی، ترکی کے ڈاکٹر بلال ہمفی، اور لیبیا کے ڈاکٹر عصام عبد الحفیظ نے بہترین تلاوت قرآن مجید سے اس نورانی محفل کو جلا بخشی۔
اس محفل میں عراق سے تعلق رکھنے والے مہمان قاری حافظ مصطفیٰ کی کہانی بھی پیش کی گئی جنہوں نے معذوری کے باوجود قرآن مجید حفظ کیا۔
روضہ مبارک کا یہ اقدام مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے تمام حافظان قرآن کی حمایت اور تعاون کا عکاس ہے۔
واضح رہے کہ اس مقابلے میں دنیا بھر سے آئے ہوئے قاریان قرآن شرکت کر رہے ہیں اور یہ عالمی مقابلہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے فرد و معاشرے کی اصلاح کے لیے ایک مستند اور روحانی رہنمائی اور قرآنِ حکیم کی ثقافت کے پھیلاؤ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، اور یہی قرآن وہ راستہ ہے جو انسان کو فلاح وبہبود اور سعادت کی جانب رہنمائی کرتا ہے۔











