دوسرے العمید ایوارڈ برائے تلاوتِ قرآن کا دوسرا مرحلہ: عراق، الجزائر اور ہندوستان کے قاریوں کے درمیان مقابلہ

دوسرے العمید عالمی ایوارڈ برائے تلاوتِ قرآن کے دوسرے مرحلہ کے مقابلے میں عراق، الجزائر اور ہندوستان کے قاریانِ قرآن نے شرکت کی اور ایک سے ایک بڑھ کر بہترین تلاوت کا مظاہرہ کیا۔

اس عالمی قرآنی مقابلے کا انعقاد و انتظام روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے "قرآن علمی کمپلکس" نے کیا ہے، جس میں 22 ممالک کے نامور قاریانِ قرآن شریک ہیں۔ ان میں سے بچوں کے زمرے میں 10 قاری ہیں جبکہ دیگر 30 قاریوں کو بڑوں کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔

مقابلے کی نگرانی ایک بین الاقوامی ججز کمیٹی کر رہی ہے، جس میں مصر کے شیخ محمد بسیونی اور شیخ محمد عصفور، عراق کے شیخ باسم عابدی، ڈاکٹر مشتاق علی اور قاری سید حسنین حلو، افغانستان کے شیخ عبد الكبير حیدری، ایران کے سید کریم موسوی اور لبنان کے محمد رمال شامل ہیں۔

العمید عالمی ایوارڈ مقابلے کے دوسرے مرحلے میں عراقی شہر بصرہ سے مصطفی عبد السادة، الجزائر سے عبد الرحمن طاوش اور ہندوستان سے منظور احمد نے اپنی تلاوت سے سامعین کے دلوں کو منور کیا۔

اس مرحلے میں ایک منفرد اور دل کو چھو لینے والا لمحہ بھی آیا جب ڈاکٹر حسن السعدی اور ان کے بچوں محمد، علی، یوسف اور رقیہ، جو تمام حافظ قرآن ہیں، کو مدعو کیا گیا۔ ڈاکٹر السعدی نے اپنے بچوں کی قرآن مجید حفظ کرنے کی داستان سنائی اور بتایا کہ اس سفر کا آغاز کیسے ہوا۔

روضہ مبارک کا یہ اقدام مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے تمام حافظان قرآن کی حمایت اور تعاون کا عکاس ہے۔

واضح رہے کہ اس مقابلے میں دنیا بھر سے آئے ہوئے قاریان قرآن شرکت کر رہے ہیں اور یہ عالمی مقابلہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے فرد و معاشرے کی اصلاح کے لیے ایک مستند اور روحانی رہنمائی اور قرآنِ حکیم کی ثقافت کے پھیلاؤ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، اور یہی قرآن وہ راستہ ہے جو انسان کو فلاح وبہبود اور سعادت کی جانب رہنمائی کرتا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: