دوسرے العمید عالمی ایوارڈ برائے تلاوتِ قرآن کے چوتھے مرحلہ کے مقابلے میں بچوں کے زمرے میں شامل پانچ قاریانِ قرآن نے شرکت کرتے ہوئے مصر، عراق، انڈونیشیا، ایران، اور نائجیریا کی نمائندگی کی۔
اس عالمی قرآنی مقابلے کا انعقاد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے "قرآن علمی کمپلکس" نے کیا ہے، جس میں 22 ممالک کے نامور قاریانِ قرآن شریک ہیں۔ ان میں سے بچوں کے زمرے میں 10 قاری ہیں جبکہ دیگر 30 قاریوں کو بڑوں کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔
مقابلے کی نگرانی ایک بین الاقوامی ججز کمیٹی کر رہی ہے، جس میں شامل ہیں: شیخ محمد بسیونی (مصر)، شیخ باسم العابدی (عراق)، ڈاکٹر مشتاق العلی (عراق)، شیخ عبد الکبیر حیدری (افغانستان)، شیخ محمد عصفور (مصر)، قاری سید حسنین الحلو (عراق)، منشد سید کریم موسوی (ایران)، اور منشد محمد رمال (لبنان)۔
چوتھے مرحلہ میں، قاری شہاب احمد (مصر)، یوسف المحنا (عراق)، محمد نجمی (انڈونیشیا)، محمد اقبال (ایران)، اور عثمان بلوکوف (نائجیریا) نے بہترین تلاوت پیش کی اور سامعین سے دادِ تحسین حاصل کی۔
واضح رہے یہ عالمی مقابلہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے فرد و معاشرے کی اصلاح کے لیے ایک مستند اور روحانی رہنمائی اور قرآنِ حکیم کی ثقافت کے پھیلاؤ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، اور یہی قرآن وہ راستہ ہے جو انسان کو فلاح وبہبود اور سعادت کی جانب رہنمائی کرتا ہے۔ اس مقابلے میں عربی، ایشیائی اور افریقی ممالک سے آئے ہوئے قاریان قرآن شریک ہیں۔














