روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹری جنرل سید مصطفی مرتضی آل ضیاء الدین نے عراق میں موجود روضات مقدسہ کے سیکرٹری جنرلز کے اجلاس میں شرکت کی کہ جس کا اہتمام روضہ مبارک امام علی(ع) نے زائرین کے لیے پیش کیے گئے منصوبوں اور خدمات پر تبادلہ خیال کے لیے کیا۔
اس اجلاس میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سیکرٹری جنرل کے ہمراہ ان کے نائب انجینئر عباس موسى احمد، مجلس ادارہ کے رکن ڈاکٹر افضل شامی، اور دفتر متولی شرعی کے مدیر جواد حسناوی بھی موجود تھے۔
روضہ مبارک امام علی(ع) میں رمضان المبارک کے دوران منعقدہ اس اجلاس میں روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) کے اعلی سطحی وفود نے بھی شرکت کی۔
اس اجلاس میں زائرین کو پیش کی جانے والی خدمات میں بہتری کے لیے اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا، اور اس حوالے سے جاری منصوبوں اور پروگراموں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں روضات مقدسہ کے درمیان تجربات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا گیا اور زائرین کو پیش کی جانے والی خدمات کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے مالی و لوجسٹک تعاون کو ضروری قرار دیا گیا۔ مزید برآں یہ فیصلہ کیا گیا کہ باہمی رابطے کے فروغ اور مشترکہ کام کی بہتری کے لیے متعلقہ شعبوں کے درمیان باقاعدگی سے رسمی ملاقاتوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ زائرین کی خدمت کے لیے بہترین نتائج حاصل کیے جا سکیں۔



