دوسرے العمید عالمی ایوارڈ برائے تلاوتِ قرآن کے آٹھویں مرحلہ کے مقابلے میں بچوں کے زمرے میں شامل پانچ قاریانِ قرآن نے انڈونیشیا، مراکش، ایران، عراق اور پاکستان کی نمائندگی کی۔
اس عالمی قرآنی مقابلے کا اہتمام روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے "قرآن علمی کمپلکس" نے کیا ہے، جس میں 22 ممالک کے نامور قاریانِ قرآن شریک ہیں، ان میں سے 10 قاریانِ قرآن بچوں کے زمرے میں شامل ہیں جبکہ دیگر 30 قاریوں کو بڑوں کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔
مقابلے کی نگرانی ایک بین الاقوامی ججز کمیٹی کر رہی ہے، جس میں مصر کے شیخ محمد بسیونی اور شیخ محمد عصفور، عراق کے شیخ باسم عابدی، ڈاکٹر مشتاق علی اور قاری سید حسنین حلو، افغانستان کے شیخ عبد الكبير حیدری، ایران کے سید کریم موسوی اور لبنان کے محمد رمال شامل ہیں۔
العمید عالمی ایوارڈ مقابلے کے آٹھویں مرحلے میں محمد سیاکور (انڈونيشيا)، عز الدین فاطمی (مراکش)، امیر حسین (ایران)، محمد علی (عراق) اور محمد سلمان (پاکستان) نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ اس مقابلے میں دنیا بھر سے آئے ہوئے قاریان قرآن شرکت کر رہے ہیں اور یہ عالمی مقابلہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے فرد و معاشرے کی اصلاح کے لیے ایک مستند اور روحانی رہنمائی اور قرآنِ حکیم کی ثقافت کے پھیلاؤ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، اور یہی قرآن وہ راستہ ہے جو انسان کو فلاح وبہبود اور سعادت کی جانب رہنمائی کرتا ہے۔

















