روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ برائے دینی امور نے ضرورت مند خاندانوں کی مدد کے لیے سارا سال اور خاص طور پر رمضان المبارک میں تسلسل کے ساتھ جاری اپنی کاوشوں کے ضمن عراق کے مختلف علاقوں میں راشن بیگز کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔
شعبہ کے سربراہ شیخ صلاح کربلائی نے بتایا ہے کہ ضرورت مند افراد کو سارا سال اور خاص طور پر اس ماہ مبارک میں، ضروریات زندگی فراہم کرنے اور ان کی ہر ممکن دیکھ بھال کرنے کے حوالے سے، روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی کی ہدایات کے مطابق، شعبہ برائے دینی امور ہر رمضان میں، اس انسانی عمل کا اہتمام کرتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس مہم کے تحت غذائی مواد پر مشتمل 4000 راشن بیگز تقسیم کیے جا چکے ہیں کہ جن میں سے 2000 بصرہ، سماوہ، دیوانیہ، اور حلہ، جبکہ باقی ماندہ 2000 کربلا کے مختلف علاقوں میں تقسیم کیے گئے ہیں، اور ضرورت مند خاندانوں تک پہنچنے کے لیے ہر علاقے میں موجود دینی مرجعیت کے نمائندوں سے مدد لی گئی۔
شیخ کربلائی نے کہا کہ ہماری امدادی مہم کا یہ آغاز ہے، اس ماہ مبارک کے دوران مزید ضرورت مند خاندانوں تک راشن بیگز پہنچانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہر راشن بیگ میں 13 بنیادی عذائی اشیاء کو شامل کیا گیا ہے کہ جو ضرورت مند خاندانوں کی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔




