روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے پاکستان کے صوبہ سندھ میں امام حسن مجتبیٰ(ع) کے جشن میلاد کی مناسبت سے ایک ثقافتی کانفرنس کا انعقاد کیا۔
پاکستان میں روضہ مبارک کے نمائندے شیخ ناصر عباس نجفی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ یہ کانفرنس ’’امام حسن(ع) اور اصلاحِ امت میں ان کا کردار‘‘ کے عنوان کے تحت جامعة سفينة النجاة میں منعقد ہوئی اور اس میں مبلغین اور آئمہ جمعہ و جماعت کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ: اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد شرکاء کی علمی سطح کو بہتر بنانا اور دینی شعور کو بلند کرنا ہے، اس کے علاوہ اس کانفرنس میں علماء اور مبلغین کو حوزہ علمیہ نجف اشرف کے ساتھ جوڑنے کے لیے ایک تعلیمی پروگرام کی تیاری کا اعلان بھی کیا گیا جس سے دونوں جانب علمی اور فکری رابطے کو فروغ ملے گا۔
نجفی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ کانفرنس کے سیشنز میں امام حسن مجتبیٰ(ع) کی سیرت، ان کے اصلاحی کردار اور اسلامی فکر میں ان کی منزلت پر روشنی ڈالی گئی، اور اسلامی اتحاد کو فروغ دینے اور اہل بیت(ع) کی تعلیمات کی نشرواشاعت سے متعلق عصر حاضر کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔






