شبِ قدر کے اعمال کی ادائیگی اور امام علی بن ابی طالب(ع) کی شہادت پہ پرسہ پیش کرنے کے لیے زائرین کی بہت بڑی تعداد نے آج رات روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں حاضری دی اور ہاتھوں میں قرآن اٹھائے ہوئے مخصوص دعاؤں کی تلاوت کی۔
شب قدر کے مخصوص اور افضل ترین اعمال میں سے ایک امام حسین(ع) کی زیارت بھی ہے لہذا 21رمضان کی رات میں شرف زيارت کے حصول اور امام علی(ع) کی شہادت کا پرسہ پیش کرنے کے لیے زائرین کی بڑی تعداد نے شہرِ کربلا مقدسہ کا رخ کیا۔
زائرین نے یہ رات مختلف عبادتی و عزائی اعمال کرتے ہوئے گزاری، جن میں زیارتِ امیر المؤمنین(ع)، دعائے رفع المصاحف، دعائے جوشن کبیر اور دیگر مخصوص عبادات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ روضہ مبارک میں منعقدہ قرآنی محافل اور مجالسِ عزاء میں بھی زائرین نے بھرپور شرکت کی۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شبہائے قدر کے دوران زائرین کی خدمت کے وسیع انتظامات کیے ہیں۔










