اہلِ کربلا کا امام علی(ع) کے یومِ شہادت نجف اشرف میں جلوسِ عزاء

اہلِ کربلا نے امام علی(ع) کے یومِ شہادت کے احیاء کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے تعاون سے نجف اشرف میں جلوس عزاء برآمد کیا اور روضہ مبارک امام علی(ع) میں حاضر ہو کر اس المناک سانحہ کا پرسہ پیش کیا۔

اس کربلائی جلوس عزاء میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے سکریٹری جنرل سید مصطفی مرتضی آل ضیاء الدین، روضہ مبارک کے مختلف شعبوں کے سربراہان اور اہل کربلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جب یہ ماتمی جلوس روضہ مبارک امام علی(ع) کے پاس پہنچا تو وہاں روضۂ امام علی(ع) کے سکریٹری جنرل سید عیسی خرسان نے کربلائی عزاداروں کا استقبال کیا۔

شعبۂ شعائر، مواکب اور ہیئات حسینیہ کے معاون سربراہ قاسم محمد نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ کربلا کے رہنے والے ہر سال امام علی بن ابی طالب(ع) کے یوم شہادت کے احیاء کے لیے نجف اشرف جا کر روضہ مبارک امام علی(ع) کے جوار میں مشترکہ جلوس عزاء برآمد کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس ماتمی جلوس میں کربلا کے بیشتر علاقوں کی ماتمی وحسینی انجمنوں اور ہیئات سمیت اہل کربلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی، یہ جلوس عزاء مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا روضہ مبارک امام علی(ع) پہنچا جہاں اس کا اختتام روضہ مبارک کے صحن میں ایک مجلس عزاء کے انعقاد پر ہوا۔

قاسم محمد نے مزید کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے کربلائی عزاداروں کے لیے جو لوجسٹک اور انتظامی خدمات مہیا کیں ان میں کربلا سے نجف اشرف تک آنے جانے کے لیے گاڑیوں کی فراہمی اور جلوس کے لیے دیگر خدمات شامل ہیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: