روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے کربلا گورنریٹ سے تعلق رکھنے والے شہداء کے پسماندگان اور جنگ میں معذور ہونے والے سیکورٹی فورسز کے اہل خانہ کے لیے ضیافتِ افطار کا اہتمام کیا جس میں 500 سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔
اس ضیافت کا انتظام واہتمام شعبہ تعلقات عامہ کے داخلی تعلقات و رابطہ ڈویژن نے کیا تھا۔
مذکورہ بالا ڈویژن کے سربراہ رسول ناجی نے بتایا کہ شعبہ تعلقات عامہ نے کربلا کے نواحی علاقے عین التمر سے تعلق رکھنے والے شہداء اور معذور سیکورٹی فورسز کے اہل خانہ کے لیے افطار کا اہتمام کیا جس میں 500 سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔ یہ افطار دستر خوان روضہ مبارک کے سرداب امام حسین(ع) بچھایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ضیافت کا اہتمام روضہ مبارک کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی کی طرف سے سیکورٹی فورسز کے شہداء کے خاندانوں کو ترجیح واہمیت دینے اور مختلف شعبوں میں انھیں مدد فراہم کرنے کے حوالے سے کی گئی ہدایات پر عمل درآمد کا ایک حصہ ہے۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: ہمارے شعبہ نے ضيافت کا ایک مکمل پروگرام ترتیب دیا، جس میں شہداء کے اہل خانہ کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی زیارت اور روضہ مبارک کے مضیف میں افطار شامل ہے۔





