آج روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے نجف اشرف سے آئے ہوئے وفد کا خیر مقدم کیا جس میں مختلف شعبوں اور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔
وفد کا استقبال دفتر متولی شرعی کے مدیر جواد حسناوی اور شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ محمد علی ازہر نے کیا۔
حسناوی نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) مختلف عراقی گورنریٹ سے آنے والے متنوع سماجی گروہوں اور طبقات پر مشتمل وفود کا خیر مقدم کرتا ہے، اور اسی ضمن میں آج ہم نے روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی زیارت سے مشرف ہونے کے لیے آئے ہوئے اہل نجف کے ایک متنوع وفد کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفد نے رمضان المبارک کے دوران کربلا کے زائرین کے لیے فراہم کی جانے والی مختلف خدمات کو قریب سے دیکھا کہ جن میں افطار کا اہتمام، زائرین کی بلا توقف آمد ورفت کا منظم طریقہ کار، فیملیز کے لیے افطار کی جگہوں کا انتظام اور زائرین کو وسیع جگہ فراہم کرنے کے لیے ہر جگہ قالین بچھانے وغیرہ جیسے امور شامل ہیں۔
وفد کے ساتھ آئے ہوئے حوزہ علمیہ کے استاذ سید مہدی حکیم نے اس سفر زیارت کو نجفی طبقوں کے ساتھ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے روابط کو مضبوط کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔ اور بتایا کہ وفد نے روضہ مبارک کی طرف سے زائرین کے لیے پیش کی جانے والی خدمات اور ملک و معاشرے کی خدمت کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں سے آگاہی حاصل کی۔