روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے زیرِ سرپرستی منعقد ہونے والی بین الاقوامی (ذاكرة الألم في العراق) کانفرنس کی علمی کمیٹی نے اس کانفرنس کی مختلف تقریبات میں پیش کرنے کے لیے 90 تحقیقی مقالات قبول کرنے کا اعلان کیا ہے کہ جو 13 ممالک سے بھیجے گئے ہیں۔
یہ کانفرنس آرٹ کالج میں قائم یونیسکو کی انسدادِ نسل کشی وقتل عام کی کرسی (ادارے)، روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ فکری و ثقافتی امور سے منسلک انتہا پسندی کے جرائم کو دستاویزی شکل دینے والے عراقی مرکز، شہداء فاؤنڈیشن، سیاسی قیدیوں کی فاؤنڈیشن اور سپریم نیشنل کمیشن برائے احتساب اور انصاف کے مشترکہ تعاون سے منعقد ہو رہی ہے۔
کانفرنس 16 اور 17 اپریل 2025ء کو کربلا مقدسہ میں منعقد ہو گی، کہ جس کا مقصد اُن تاریخی چیلنجز اور جرائم پر روشنی ڈانا ہے جن کا سامنا عراق کو کرنا پڑا۔ اور اس کے علاوہ اس کانفرنس میں انصاف اور امن سے بھرپور مستقبل کے لیے نظریات اور حلول پیش کیے جائیں گے۔
علمی کمیٹی نے بتایا ہے کہ کمیٹی کو عراق کے علاوہ ہالینڈ، جرمنی، لیبیا، مصر، فلسطین، تیونس، شام، جاپان، برطانیہ، ایران، نائیجیریا، فرانس اور لبنان سے 150 سے زائد مقالے موصول ہوئے تھے، جن میں سے کانفرنس کے موضوعات اور شرائط پر پورا اترنے والے 90 مقالات کو قبول کیا گیا اور 60 مقالے اس لیے مسترد کر دیے گئے کہ وہ شرائط اور موضوعات سے ہم آہنگ نہیں تھے۔
کانفرنس میں "سبایکر میں ہونے والے قتل عام کے بارے میں بھی ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔
