روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی نے کربلا کے ورثے اور قرآن کریم کی تلاوت و اذان کے مخصوص کربلائی و روایاتی انداز کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماہ رمضان المبارک 1446ھ میں روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مؤذن سید محمد رضا صراف، دونوں روضات مقدسہ کے قاری سید ليث عبیدی اور روضہ مبارک امام حسین(ع) سے مخصوص انداز میں دینی ہدایات دینے والے سید محمد صادق محمد سے ملاقات کے دوران کیا اور ان کی خدمات کے اعتراف میں انھیں اعزاز سے نوازا۔
سید صافی نے کہا کہ اذان اور تلاوتِ قرآن کی طرز کے حوالے سے کربلا کی اپنی ایک منفرد پہچان اور شناخت ہے، جسے ہر حال میں محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قرآن کے قاری اور اذان دینے والوں کو سماج میں رائج روایتی انداز سے نہیں ہٹنا چاہیے۔
مزید برآں، انہوں نے کہا کہ جن افراد کی روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی مناروں جیسے بلند اور طاہر مکان سے آواز بلند ہوتی ہے ان کا فنی اور روحانی حوالے سے ممتاز و منفرد ہونا بے حد ضروری ہے۔