کربلا مقدسہ / عراق:
پانچویں مرکزی گریجویشن تقریب کے ضمن میں عراق کی مختلف یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے طلباء نے حضرت عباس(ع) کی ضریح مبارک کے سامنے اپنے پیشہ و تعلیم کے ذریعے انسانیت کی خدمت کا حلف اٹھایا۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ تعلقات عامہ سے منسلک یونیورسٹی اینڈ اسکول ریلیشنز ڈویژن کی جانب سے پانچویں سالانہ مرکزی گریجویشن تقریب (على هدي القمر) الکفیل یوتھ نیشنل پروجیکٹ کے ایک حصے کے طور پر (من غيث كربلاء ينبت العطاء) کے سلوگن کے تحت منعقد ہوئی، کہ جس میں عراق کی 64 سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے تقریباً 5,000 طلباء نے شرکت کی۔
اس روحانی اور قومی اہمیت کی حامل تقریب میں روضہ مبارک کے اعلی سطحی عہدیداران، طلباء کے اہل خانہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی مجلسِ ادارہ کے رکن ڈاکٹر عباس دده موسوی نے طلباء سے ان الفاظ میں حلف لیا:
میں خدائے بزرگ وبرتر کی قسم کھاتا ہوں کہ میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران اللہ کو یاد رکھوں گا، خدا کی رحمت و رحم کا وسیلہ بنوں گا، اپنے ملک کی خدمت کروں گا، انسانی زندگی کو مقدس قرار دوں گا، انسان کی عزت اور کرامت کی حفاظت کروں گا، قریب اور دور کے لوگوں کا خیال رکھنے کے لیے پوری توانائی صرف کروں گا، علم کے حصول میں بہت محنت کروں گا اور اسے انسان کے فائدے کے لیے استعمال کروں گا، اپنے اساتذہ کو احترام کی نظر سے دیکھوں گا، میری زندگی ظاہر و باطن میں میرے ایمان کی مصداق ہو گی، میری زندگی اللہ، اس کے رسول(ص)، اہل بیت(ع) اور مومنین کے لیے ہر طرح کی بدنامی یا برائی سے پاک ہو گی، اور اللہ میری اس بات کا گواہ ہے۔













