حرمِ مرقدِ حضرت ابو الفضل العباس(ع) کی تغسیل و تعطیر اور نئے قالین بچھانے کا روح پرور مرحلہ مکمل

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے خدام نے ضریح مبارک والی عمارت کہ جسے حرمِ مرقدِ حضرت ابو الفضل العباس(ع) بھی کہا جاتا ہے کو غسل دینے، نایاب خوشبوؤں سے اسے معطر کرنے اور وہاں نئے قالین بچھانے کے بابرکت عمل کو نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔

شعبۂ ساداتِ خدام کے سربراہ سید ہاشم شامی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ: روضہ مبارک کے خدام نے صفائی، قالینوں کی تبدیلی اور اس مقدس مقام کی مستقل حفاظت کے لیے اپنے طے شدہ لائحہ عمل کے تحت حرم مطہر کو غسل دینے، قالینوں کو تبدیل کرنے اور حرم کو معطر کرنے کا عمل سرانجام دیا۔

انہوں نے مزید کہا: اس مبارک عمل کا آغاز حضرت ابو الفضل العباس(ع) کی زیارت اور ان کے حضور سلام پیش کرنے سے کیا گیا، جس کے بعد غسل، صفائی، خشک کرنے اور مہک دار خوشبو سے معطر کرنے کے مراحل عقیدت و احترام اور روحانیت سے لبریز ماحول میں مکمل کیے گئے۔

واضح رہے کہ روضہ مبارک میں یہ اعمال سال بھر جاری رہتے ہیں، تاکہ دنیا بھر سے حاضری دینے والے عاشقانِ اہل بیت(ع) کے لیے زیارت کے لمحات کو پاکیزگی اور روحانیت کے حسن سے آراستہ کیا جا سکے۔ حرم کی صفائی اور زیبائش کا یہ سلسلہ محض ایک رسمی عمل نہیں، بلکہ ایک عبادت ہے، جو اس عظیم مقام کی دینی حرمت اور حضرت ابو الفضل العباس(ع) کی عظمت کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: