اس دورے کے دوران اُن کے ہمراہ روضہ مبارک کے انجینیئرنگ پروجیکٹس ڈپارٹمنٹ کے چیف انجینیئر ضیاء مجید الصائغ بھی موجود تھے۔ جنہوں نے علامہ صافی کو اس منصوبے کی موجودہ پیشرفت، فنی تفصیلات اور تکمیل کے مراحل سے متعلق مفصل بریفنگ دی۔
علامہ صافی نے منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم کی کاوشوں اور اب تک کی پیشرفت کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ اسی سال اِس فیکٹری کے افتتاح کو ممکن بنانے کے لیے کام کو مزید تیز کیا جائے۔
واضح رہے کہ اس فیکٹری کو مذکورہ بالا ڈیپارٹمنٹ الکفیل انرجی سولوشنز کمپنی کے لیے تعمیر کر رہا ہے، کہ جو عراق میں اعلیٰ پیداواری صلاحیت، جدید ترین ٹیکنالوجی اور معیار کے اعتبار سے عالمی سطح کے تقاضوں پر پورا اترنے والا اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اب تک النور فیکٹری میں مشینری، آلات اور انفراسٹرکچر کی تنصیب کے مراحل میں قابلِ ذکر پیشرفت ہو چکی ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ منصوبہ نئی ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے، ملکی معیشت کو تقویت دینے اور متبادل توانائی کے میدان میں ایک مؤثر سرمایہ کاری ثابت ہوگا۔
یاد رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے اور انہیں تعلیمی، زرعی، صنعتی و خدماتی شعبہ جات میں بروئے کار لانے کے لیے قابلِ ذکر اقدامات کر رہا ہے، جو پائیدار ترقی کے اہداف کی جانب ایک عملی پیشرفت ہے۔











