اس علمی ومعلوماتی نشست میں روضہ مبارک کی مجلسِ ادارہ کے ارکان، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور آثار قدیمہ، اسلامی فنون اور عجائب گھروں کے ماہرین نے شرکت کی۔
اس حوالے سے الکفیل عجائب گھر کے معاون انچارج ڈاکٹر شوقی موسوی نے بتایا: (ہرمیٹیج بین الاقوامی عجائب گھر – تاریخ اور تہذیب) کے عنوان کے تحت منعقد ہونے والی یہ ہماری سلسلہ وار گیارہویں نشست تھی کہ جس سے روسی ماہر آثار قدیمہ الیگسی ژانکوفیسکی نے خطاب کیا اور اس عجائب گھر کی تاریخی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر موسوی نے مزید کہا کہ اس نشست کا مقصد ہرمیٹیج عجائب گھر کی تاریخ اور اس کے اہم علمی و ثقافتی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح کے عجائب گھروں اور ثقافتی اداروں سے تعلقات و تعاون کو فروغ دینا ہے تاکہ عراق میں عجائب گھروں کے نظام کو مزید بہتر اور ترقی یافتہ بنایا جا سکے۔
روسی مہمان نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا: میں نے اس نشست میں ہرمیٹیج عجائب گھر پر اپنی کئی دہائیوں کی تحقیق اور علمی مشاہدات کو بیان کیا، جس کا آغاز دوسری جنگِ عظیم کے بعد میرے ذاتی تحقیقی رجحان سے ہوا۔ یہ عجائب گھر اپنے نایاب تاریخی و فنّی نوادرات کی وجہ سے دنیا کے عظیم ترین اور جامع ترین عجائب گھروں میں شمار ہوتا ہے۔
نشست کے اختتام پر روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی مجلسِ ادارہ کی جانب سے مقررین اور منتظمین کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں، اور علمی تعاون پر شکریہ ادا کیا گیا۔



















