نجف اشرف میں قائم اعلیٰ دینی قیادت حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) کے دفتر نے آج پیر کے روز ویٹی کن سٹی کے سربراہ، پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی ہے۔
اس بارے میں دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے:
بسم الله الرحمن الرحيم
جناب کارڈینل پییترو پارولین
سیکرٹری آف اسٹیٹ، ویٹی کن سٹی
آداب و احترام کے بعد عرض ہے کہ:
ہمیں نہایت افسوس و دکھ کے ساتھ یہ خبر موصول ہوئی ہے کہ ویٹی کن کے پاپائے اعظم، پوپ فرانسس اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے ہیں کہ جنہیں زمین کی بہت سی اقوام میں بلند روحانی مقام اور سب کے ہاں بے حد احترام حاصل تھا کیونکہ پوری دنیا میں امن و رواداری، اور مظلوموں و محکوموں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے میدان میں ان کا کردار ممتاز و بے مثال رہا ہے۔
نجف اشرف میں اعلیٰ دینی قیادت اور پوپ فرانسس کے مابین ہونے والی تاریخی ملاقات وہ اہم ترین موقع تھا جس نے اس بات کو اجاگر کیا کہ خدا اور اس کی رسالت پر ایمان، اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کی پاسداری موجودہ دور میں انسانیت کو درپیش بڑے چیلنجز پر قابو پانے میں بنیادی کردار ادا کر سکتی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر پُرامن بقائے باہمی کی ثقافت کو فروغ دینے، تشدد اور نفرت سے اجتناب کرنے، اور مختلف مذاہب و مکاتب فکر کے ماننے والوں کے درمیان باہمی احترام اور حقوق کی پاسداری پر مبنی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔
اعلی دینی قیادت اس المناک سانحہ پر پوری دنیا میں کیتھولک برادری کو تعزیت پیش کرتی ہے، اور ان کے لیے صبر و سکون کی متمنی ہے اور اللہ تعالی سے دعا گو ہے وہ ان پر اور پوری انسانیت پر خیر و برکت اور امن وسلامتی پر مشتمل اپنی بے پناہ رحمت نازل فرمائے۔
