روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں امام جعفر صادق(ع) کی المناک شہادت کے حوالے سے عزائی بینرز اور سیاہ چادریں آویزاں ہیں، اور صحن شریف میں مجالس عزاء کا سلسلہ بھی جاری ہے، جن میں اس عظیم المرتبت امام کی سیرت، علوم، روحانی مقام اور مظلومیت کو یاد کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے روضہ مبارک کے شعبۂ صحن شریف کے سربراہ خلیل مہدی حنون نے بتایا: ہمارے شعبہ کے عملے نے امام جعفر صادق(ع) کے یوم شہادت کے احیاء اور اس المناک سانحہ پر روضہ مبارک کی ظاہری فضا کو سوگوار بنانے کے لیے عزائی عبارات پر مشتمل سیاہ چادریں، بینرز اور مظاہرِ حزن و ملال پورے روضہ مبارک میں آویزاں کر دیئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے باب قبلہ کے سامنے اس سانحہ کی یاد میں عَلمِ عزاء نصب کر دیا گیا ہے اور صحن شریف میں مجالس بھی منعقد ہو رہی ہیں۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) اہلِ بیت(ع) سے منسلک تمام مناسبات کے احیاء کو اپنی اولین ترجیحات میں شمار کرتا ہے اور اپنی دینی، روحانی، فکری اور اخلاقی ذمہ داری کو بطریقِ احسن ادا کرنے اور آئمہ معصومین(ع) کے علوم و معارف، فضائل و مناقب اور ان کے دینی و اجتماعی پیغام کو عام کرنے کے لیے علمی، ثقافتی اور تبلیغی پروگراموں کا انعقاد بھی کرتا ہے۔








