روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبۂ دینی رہنمائی برائے خواتین نے امام جعفر صادق(ع) کے یوم شہادت کے احیاء کے لیے مجلسِ عزاء کا انعقاد کیا جس میں مومنات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مذکورہ بالا شعبہ کی سربراہ عذراء شامی نے اس حوالے سے بتایا کہ: اس مجلس عزاء کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد امام جعفر صادق(ع) کی زیارت پڑھی گئی اور روضہ مبارک کے شعبہ حسینی خطابت برائے خواتین سے منسلک ذاکرہ نے مجلس سے خطاب کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ: ذاکرہ نے اپنے خطاب میں امام صادق(ع) کی سیرت طیبہ، طاغوتی ادوار میں امام(ع) پر ڈھائے جانے والے مظالم، اور حق کے دفاع میں امام(ع) کے جرأت مندانہ مواقف کا ذکر کیا۔ اس کے علاوہ ذاکرہ نے امام(ع) کی طرف سے اسلامی اقدار کے فروغ، علم و دانش کی نشر و اشاعت اور تعلیماتِ دین کے قیام میں ادا کردہ عظیم کردار کو بھی اجاگر کیا کہ جو امام(ع) کو صبر، استقامت اور اصولوں پر ثابت قدمی کی روشن مثال بناتا ہے۔
عذراء شامی نے کہا کہ: روضہ مبارک کے سرداب امام موسیٰ کاظم(ع) میں منعقد ہونے والی اس مجلس میں امام صادق(ع) کے حضور منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا گیا اور مرثیہ و نوحہ خوانی بھی کی گئی۔
مجلس میں حاضر ہونے والے بچوں کو امام صادق(ع) کی شخصیت اور مبارک سیرت سے روشناس کرانے کے لیے شعبۂ دینی رہنمائی برائے خواتین کی جانب سے بچوں کے لیے "براعم الکفیل" کے عنوان سے ایک ثقافتی پروگرام بھی ترتیب دیا گیا، جس میں مختلف تعلیمی و تربیتی سرگرمیاں دیکھنے میں آئيں۔
واضح رہے کہ یہ شعبہ اہل بیت(ع) سے منسلک مناسبات کے احیاء اور معاشرے میں دینی شعور کو اجاگر کرنے اور خالص اسلامی اقدار کو مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہے، اور اس مقصد کے لیے وقتا فوقتا مجالسِ عزاء، علمی و فکری تقریبات اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کرتا رہتا ہے۔






