روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے منعقد کیا جانے والا فنِ خطابت کا آٹھواں سالانہ قومی مقابلہ آج بروز جمعہ اپنے آخری سیشن کے ساتھ مکمل ہو گیا ہے، جبکہ اس کے نتائج کا اعلان آج شام امام حسن(ع) ہال میں متوقع ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبۂ تعلقات عامہ کے یونیورسٹی اور سکول ریلیشن ڈویژن کے الکفیل یوتھ نیشنل پروجیکٹ کے ضمن میں منعقدہ اس مقابلے کا عنوان ہے: "امام جعفر صادق(ع) — آزاد فکر کی درسگاہ"۔
مقابلے میں عراق کے مختلف گورنریٹس سے 20 تعلیمی اداروں کے 60 طلباء نے شرکت کی، ہر ادارے کی نمائندگی کرنے والے تین تین شرکاء نے جیوری کے سامنے اپنے خطابی فن کا مظاہرہ کیا۔
جیوری میں ملک کے معروف ماہرین شامل تھے، جن میں ڈاکٹر احمد صبیح کعبی، حسن الشویلی، ڈاکٹر ماجد الجنابی اور ڈاکٹر میثم غسان شامل ہیں۔
مقابلے کے نگران حسین كنانی نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ: امام حسن(ع) ہال میں منعقدہ آخری نشست کے ساتھ مقابلے کی سرگرمیاں مکمل ہو چکی ہیں۔ جبکہ مقابلے کے نتائج اور فاتحین کے ناموں کا اعلان اختتامی تقریب میں کیا جائے گا۔
طلباء کی تقاریر میں معاشرتی ہم آہنگی، رواداری اور پرامن بقائے باہمی جیسے موضوعات نمایاں رہے، جبکہ امام جعفر صادق(ع) کی علمی و فکری خدمات اور ان کے افکار کو اس تناظر میں اجاگر کیا گیا۔
واضح رہے کہ یہ مقابلہ روضہ حضرت عباس(ع) کی ان سرگرمیوں کا تسلسل ہے جن کا مقصد طلباء کی فکری تربیت، اعتماد سازی اور اظہارِ خیال کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔







