روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سروس افیئرز ڈیپارٹمنٹ نے محرم اور صفر کے مقدس مہینوں کی تیاریوں کے سلسلے میں "کرسٹل آئس فیکٹریوں" کی بحالی اور مشینوں کی مرمت کا کام شروع کر دیا ہے۔
شعبے کے انتظامی معاون جناب عباس علی نے اس حوالے سے بتایا:"شعبہ خدمات کے عملے نے آئس فیکٹریوں کی مرمت اور بحالی کی ایک جامع مہم شروع کی ہے، جس میں فیکٹریوں کے فرش کی مرمت، برف بنانے والی مشینوں کی دیکھ بھال اور فیکٹریوں کو آر او (RO) پانی کی فراہمی شامل ہے۔ یہ اقدامات خاص طور پر گرمیوں کے موسم اور ایامِ عزا یعنی محرم و صفر کے دوران بڑی تعداد میں آنے والے زائرین کی خدمت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا: "شعبے کی کرسٹل آئس فیکٹریاں فی گھنٹہ تقریباً 300 برف کے تھیلے تیار کرتی ہیں، جوحسینی مواکب کے منتظمین اور عام شہریوں کو بالکل مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔"
عباس علی کے مطابق:"اضافی برف کو خصوصی اسٹورز میں محفوظ کیا جاتا ہے، جن میں ہر ایک کی گنجائش 800 تھیلوں کی ہے، اور انہیں منفی 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے درجہ حرارت پر محفوظ رکھا جاتا ہے تاکہ اسے ضرورت کے وقت فوری استعمال میں لایا جا سکے۔"