روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) سے منسلک قرآن علمی کمپلیکس نے کربلاء مقدسہ میں "تکامل و تکافل فاؤنڈیشن" کے زیر کفالت یتیم بچوں کے ایک گروپ کی میزبانی کی۔
یہ تقریب قرآن علمی کمپلیکس کی ایکٹیویٹز یونٹ کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی، جس میں مختلف موضوعات پر تربیتی اور تعلیمی نشستیں شامل تھیں، جیسے کہ سورۃ الفاتحہ کی درست قرأت کی تعلیم، اصولِ دین و فروعِ دین سے متعلق دروس، نیز جسمانی صحت و حفاظت کی اہمیت پر آگاہی فراہم کرنے والی معلوماتی نشستیں۔
تقریب میں ایک سوال و جواب کا دینی سیشن بھی شامل تھا، جس میں یتیم بچوں سے اخلاقی و اسلامی اقدار سے متعلق سوالات کیے گئے، تاکہ ان کی مثبت انداز میں ذہن سازی کی جا سکے۔ اس کے بعد بچوں کے لیے ایک تفریحی و ورزشی سرگرمی بھی منعقد کی گئی۔
تقریب کا اختتام یتیم بچوں کی تکریم کے ساتھ ہوا، جو کہ قرآن علمی کمپلیکس کی جانب سے ان بچوں کی سرپرستی اور مدد کے عزم کا مظہر تھا، اور قرآن کریم و اہل بیت (علیہم السلام) کی ان کے ساتھ حسن سلوک کی تعلیمات پر عمل کا عملی اظہار تھا۔









