کیمپ کی اختتامی تقریب روضہ مبارک سے منسلک السدر فارم میں منعقد ہوئی، جس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد "زیارت بالنیابہ" کا ایک روحانی سیشن پیش کیا گیا، جس کے بعد محترمہ زینب ترکی نے ایک فقہی لیکچر بعنوان "رضاکارانہ خدمت اور فقہی معرفت کے مابین تعلق" پیش کیا۔ اس لیکچر میں مختلف شعبہ جات میں رضاکارانہ خدمات پیش کرنے والی خواتین و طالبات میں دینی شعور بیدار کرنے کی ضرورت و اہمیت پر بات کی گئی اور اس شعور کو حسینی خدمت کے عملی اصولوں سے جوڑنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی۔
بعد ازاں محترمہ فاطمہ الحکیم نے اخلاقی تربیت پر مشتمل لیکچر "خدمت کے آداب میں نصیحتیں" کے عنوان سے پیش کیا، جس میں خدمت کے میدان سے متعلق متعدد عملی واقعات اور تجربات کی روشنی میں درست طرزِ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اس نشست کا اختتام شرکاء کے ساتھ بات چیت پر ہوا، جس نے بھرپور فکری تبادلے اور دلچسپ سوال و جواب کا ماحول پیدا کیا۔
شام کے سیشن میں، روضہ مبارک کے الصديقة الطاهرة (عليها السلام) میڈیکل یونٹ کی جانب سے طبی شعور کے فروغ کے ضمن میں دو آگاہی لیکچرز پیش کیے۔
پہلا لیکچر ہیمرج بخار یا "خونی بخار" کے بارے میں تھا، جو ڈاکٹر زینب عبدالامیر نے دیا، جس میں اس بیماری کے پھیلاؤ ، بنیادی علامات اور بچاؤ کے طریقے بیان کیے گئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس بیماری کا مؤثر علاج تاحال موجود نہیں، اس لیے غیر مصدقہ اور گمراہ کن معلومات سے خبردار رہنا انتہائی ضروری ہے۔
اس کے بعد دوسرا لیکچر پیش کیا گیا، جس میں جلنے اور دم گھٹنے کی ہنگامی صورتِ حال میں فوری طبی امداد (First Aid) کے اصولوں پر روشنی ڈالی گئی۔ لیکچر میں بروقت اور درست اقدامات کی اہمیت بیان کی گئی، جبکہ غلط طریقہ کار کے خطرناک نتائج سے خبردار کیا گیا، خصوصاً دم گھٹنے جیسے حساس معاملات میں جو منٹوں میں جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔
دوسرے دن کی سرگرمیوں کا اختتام جناب جعفر المروج کے بصیرت افروز لیکچر پر ہوا، جس میں انہوں نے حسینی خدمت کی معنویت اور اہمیت کو حضرت زینب (سلام اللہ علیہا) کے مثالی کردار کی روشنی میں واضح کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ خدمت کا جذبہ خالصتاً اللہ اور اہل بیت (علیہم السلام) کی رضا کے لیے ہونا چاہیے، اور اس کے ساتھ زینبی عبایا کو اپنانے، حیا اور وقار کے دامن کو مضبوطی سے تھامے رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس نشست میں شرکاء نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا، اور سوالات کے ذریعے غور و فکر کی فضا میں اضافہ کیا۔
بنات العقیدہ کیمپ کا مقصد ایک ہمہ جہت تربیتی ماحول فراہم کرنا ہے، جو دینی، اخلاقی اور طبی شعور کو یکجا کرتے ہوئے شرکاء میں حقیقی اقدار کو فروغ دے، تاکہ وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں بیدار ذہن اور روشن فکر کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکیں۔







