36ویں تہران انٹرنیشنل بک فیئر میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے پویلین میں دینی علوم کے طلباء کی ایک بڑی تعداد، جو قم کے حوزہ علمیہ سے تعلق رکھتی ہے، کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ نمائش ایرانی دارالحکومت تہران میں 8 مئی سے 17 مئی تک جاری رہے گی، جس میں 70 سے زائد ممالک شریک ہیں۔ اس نمائش میں شعبہ فکروثقافت،شعبہ معارف اسلامی و انسانی، الوافی فاؤنڈیشن، ہیئتِ عالیہ برائے احیاءِ تراث اور قرآن علمی کمپلیکس 360 سے زائد متنوع اور ممتاز مطبوعات و سرگرمیوں کے ذریعے روضہ مبارک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
روضہ مبارک کے پویلین میں حوزہ علمیہ قم کے طلباء کی مسلسل آمد جاری ہے، جو روضہ مبارک کی جانب سے پیش کردہ تازہ ترین ثقافتی اور دینی مطبوعات کو تلاش کر رہے ہیں۔
پویلین کی خاص بات روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے گنبدِ اطہر کے عَلَم کی موجودگی ہے، جو روحانی عقیدت کا مرکز بنا ہوا ہے، جبکہ "رسالہ إلى الضریح" کے عنوان سے ایک خصوصی باکس بھی رکھا کیا گیا ہے، جس میں زائرین اپنے پیغامات، دعائیں اور تمنائیں حضرت عباس علیہ السلام کے حضور تحریر کر کے ڈال سکتے ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی اس نمائش میں شرکت عالمی و مقامی نمائشوں میں مسلسل شرکت کا حصہ ہے، جس کا مقصد ثقافتی اور فکری منظرنامے کو متنوع اور ممتاز مطبوعات سے مالا مال کرنا، اور اسلامی اقوام کے درمیان ثقافتی روابط اور تجربات کے تبادلے کو مزید فروغ دینا ہے۔