تہران میں جاری عالمی کتابی نمائش میں روضہ مبارک حضرت عباس (ع)کے علمِ مقدس کی زیارت کے روحانی مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے گنبد پر لہرانے والے علم مبارک کے گرد زیارت کے لیے آنے والے جوانوں، بچوں، بزرگ افراد اور خواتین کی بڑی تعداد موجود رہتی ہے۔ زائرین اشکبار آنکھوں ، عقیدت اور والہانہ جذبے کے ساتھ اس متبرک علم کی زیارت کرتے ہیں اوریہ مناظر اس حقیقت کا کھلا اظہار ہیں کہ حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام کی مجسم کردہ وفا، ایثار اور قربانی کی اقدار امتِ مسلمہ کے لیے ایک گہری محبت، عقیدت اور روحانی وابستگی کا مظہر ہیں۔ وزیٹرز روضہ مبارک کی جانب سے پیش کی گئی ثقافتی اور دینی مطبوعات میں بھی گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔
علمِ مبارک کے لیے مختص گوشے کو خوبصورت فنکارانہ پس منظر سے مزین کیا گیا ہے، جو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے طرز تعمیر سے ہم آہنگ ہے، اور جس نے زائرین کو کربلا کی روحانی فضا کا ایک جھلکتا ہوا عکس عطا کیا ہے۔ اس گوشے کو زائرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ہےاور اسے نمائش کے روحانی پہلو کا مرکز قرار دیا جارہا ہے
وزیٹرز نے اس اقدام پر گہرے جذبات اور شکریے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ علم نہ صرف کربلا کی یاد کو تازہ کرتا ہے بلکہ پوری اسلامی دنیا کے درمیان وحدتِ ایمانی اور روحانی ہم آہنگی کی علامت بھی ہے۔





