روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے الکفیل دینی مدارس برائے خواتین کی جانب سے (بنات العقیدہ) کیمپ کے 28ویں ایڈیشن کے پہلے روز کے ایوننگ سیشن کی تربیتی و فکری سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
ان سرگرمیوں میں رضاکار خواتین کی صلاحیتوں اور ان کی عملی تربیت کو بہتر بنانے کے لیے فیلڈ گائیڈنس اور ہدایات پیش کی گئیں۔ الکفیل دینی مدارس کی سربراہ سیدہ بشرى الكناني اور زینبیات ڈویژن کی انچارج سیدہ سوسن احمد الجبوری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اُن اصولوں اور رویوں پر روشنی ڈالی، جو اہم مناسبات کے دوران زائرات سے رابطے، نظم و ضبط، خوش اخلاقی اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کے لیے ناگزیر سمجھے جاتے ہیں۔
کیمپ کی سرگرمیوں کا ایک اور اہم پہلو ڈاکٹر صادق المروج کا فکری لیکچر تھا، انہوں نے رضاکارانہ خدمت کی اہمیت اور اخلاقی اقدار کو عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنی گفتگو کو احادیثِ نبوی اور اہل بیت علیہم السلام کے فرامین کی روشنی میں مدلل انداز میں پیش کیا۔
شرکاء نے لیکچر میں بھرپور دلچسپی لی۔ شرکاء کی جانب سے متعدد تربیتی و اخلاقی سوالات پوچھے گئے، جن کے جوابات ڈاکٹر صادق المروج نے نہایت مؤثر انداز میں دیے، اور اس مکالماتی ماحول نے نشست کو مزید بامقصد بنا دیا۔
پہلے دن کی سرگرمیوں کا اختتام نمازِ جماعت کے روح پرور انعقاد اور اس کے بعد منعقدہ محفلِ قرآن سے ہوا۔ منتظمین کے مطابق، یہ کیمپ اپنی آئندہ نشستوں میں بھی فکری، تربیتی، روحانی اور اخلاقی پہلوؤں پر مبنی جامع پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھے گا، جس کا مقصد نوجوان خواتین کو دین، خدمت اور شعور کے امتزاج سے آراستہ کرنا ہے۔