روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے حجاج کرام کے زمینی راستے کی فول پروف سیکورٹی کے انتظامات اور طبی خدمات

العباس فائٹنگ سکواڈ نے حج 1446 ہجری کے موقع پرعراق سے زمینی راستے کے ذریعے حج کا فریضہ ادا کرنے کے لیے جانے والے حجاج کرام کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی منصوبے پر باقاعدہ عملدرآمد شروع کر دیا ہے، جس میں العباس فائٹنگ سکواڈ کے مختلف یونٹس اور فارمیشنز سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار سے زائد اہلکار شریک ہیں۔

العباس فائٹنگ سکواڈ کے کمانڈر، سید میثم زیدی نے اس حوالے سے بتایا: "یہ مسلسل گیارہواں سال ہے کہ العباس فائٹنگ سکواڈ حج کے زمینی راستے کی حفاظت کے منصوبے میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔ کربلا آپریشنز کمانڈ کی نگرانی میں مرتب کردہ اس سیکیورٹی پلان کے تحت 75 کلومیٹر طویل راستے کی حفاظت کی جا رہی ہے، جس میں سکواڈکے متعدد یونٹس شریک ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا، "العباس فائٹنگ سکواڈ کے اہلکار الفاج سے النخیب اور پھر ہباریہ تک پھیلے ہوئے زمینی راستے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے متحرک ہیں۔ ان کی ذمہ داری نہ صرف راستے کی داخلی و خارجی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے بلکہ اردگرد کے صحرائی علاقوں میں بھی مسلسل گشت کیا جا رہا ہے، تاکہ ضیوف الرحمان کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ یہ تمام حفاظتی اقدامات دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون اور ہم آہنگی کے تحت انجام دیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ العباس فائٹنگ سکواڈ حاجیوں کو طبی سہولیات بھی فراہم کر رہا ہے، جن میں موبائل میڈیکل ٹیموں کے ساتھ جدید ایمبولینس گاڑیاں بھی شامل ہیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری طبی امداد یقینی بنائی جا سکے۔

سید میثم زیدی کے مطابق "العباس فائٹنگ سکواڈ حجاج کرام کی واپسی تک مکمل ہائی الرٹ رہے گا، تاکہ مناسک حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کی واپسی کے عمل کو مکمل نظم و ضبط، سیکیورٹی اور سہولت کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچایا جا سکے، اور ہر حاجی اپنے وطن بحفاظت اور اطمینان کے ساتھ لوٹے۔"
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: