روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے قرآن علمی کمپلیکس نے بابل گورنریٹ میں دس ہزار طلباء کی شرکت کے ساتھ 2025 کے لیے سمر قرآنی کورسز کے منصوبے کا آغاز کیا ہے۔
کمپلیکس سے منسلک قرآن انسٹی ٹیوٹ بابل برانچ کے سربراہ،؛ جناب منتظر المشائخی نے کہا، "یہ کورسز 320 سے زائد تجربہ کار اور ماہر قرآنی اساتذہ کے زیر نگرانی گورنریٹ کے تمام علاقوں سمیت، بابل شہر اور اس کے مضافات میں منعقد کئے جا رہے ہیں ۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "کورسز صرف قرآن پاک کی صحیح تلاوت سکھانے تک ہی محدود نہیں ہیں، بلکہ ان میں فقہ، عقائد، اخلاقیات اور سیرتِ نبوی ﷺ پر منظم اور مربوط دروس بھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ قرآن کریم کے آخری پارے کو حفظ کروانے کے لیے ایک مخصوص اور جامع پروگرام بھی مرتب کیا گیا ہے، تاکہ طلباء کو قرآن فہمی کے ساتھ حفظِ قرآن کی جانب بھی رہنمائی فراہم کی جا سکے۔"
یہ منصوبہ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے ان دینی و تعلیمی پروگراموں کا حصہ ہے جن کا مقصد نئی نسل میں دینی شعور اور قرآنی ثقافت کو فروغ دینا ہے، تاکہ موسم گرما کی تعطیلات کو مثبت اور بامقصد سرگرمیوں کے ذریعے ایک باشعور، باعمل اور قرآن دوست نسل کی تعمیر کے لیے مؤثر طور پر استعمال کیا جا سکے۔











