روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبۂ فکری و ثقافتی امور کے ذیلی ادارے الکفیل سکاؤٹس ایسوسی ایشن نے اُن ہونہار طلباء کے لیے ایک خصوصی تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا ہے جنہیں تعلیمی سال 2024-2025 میں بہترین تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پر سالانہ امتحانات سے استثناء حاصل ہوا اور وہ براہِ راست اگلی جماعت میں ترقی پا گئے۔
ایسوایشن میں کیمپنگ کے انچارج ڈاکٹر زمان کنانی نے بتایا کہ اس دو روزہ کیمپ میں شریک ایک سو طلباء کا تعلق کربلا سے ہے۔ ان میں چالیس طلباء بصرہ میں سرگرم الساقی سکاؤٹس ایسوسی ایشن سے منسلک ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ کیمپ کی سرگرمیاں روضہ مبارک کے زیر انتظام "شیخ کلینی کمپلیکس" میں جاری ہیں، جن میں علمی و فکری نشستیں، تربیتی لیکچرز اور کھیلوں کی سرگرمیاں شامل ہیں۔
ڈاکٹر کنانی کے مطابق، کیمپ کا مقصد ان ذہین و محنتی طلباء کی حوصلہ افزائی، ان کی فکری نشوونما اور اجتماعی شعور کو فروغ دینا ہے۔ کیمپ کی اختتامی تقریب امام حسن مجتبیٰ(ع) ہال میں منعقد ہو گی، جس میں شریک طلباء کو اعزازی شیلڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا۔
دریں اثنا، "ساقی سکاؤٹس ایسوسی ایشن" سے تعلق رکھنے والے محمد حیدر نے بتایا کہ شریک طلباء کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ انھوں نے نمازِ جماعت میں شرکت کی اور کیمپ کی سرگرمیوں سے قبل روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی زیارت کا شرف بھی حاصل کیا۔
واضح رہے کہ یہ اقدام ناصرف روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے علمی و اخلاقی لحاظ سے ممتاز طلباء کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک بہترین طریقہ ہے بلکہ یہ تعلیمی فضیلت کے فروغ اور نوجوان نسل کی فکری تربیت کی ایک روشن مثال بھی ہے۔