اس موقع پر شعبہ کی انچارج فاطمہ موسوی نے بتایا کہ خواتین میں قرآنی فہم و شعور کو فروغ دینے کے لیے شعبے کی طرف سے شروع کیے گئے تین قرآنی کورسز (یس، خشعت الأصوات اور ن والقلم) پایہ تکمیل تک پہنچ گئے ہیں، ان کورسز کے ضمن میں سال بھر متنوع پروگرام اور تربیتی نشستیں منعقد کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ "ن والقلم کورس" ایک مرکزی تربیتی کورس تھا، جسے خواتین کی بڑی تعداد نے سراہا اور اس میں شرکت کی۔ اس کورس کے موضوعات میں درست قراءت، احکامِ تلاوت، اور فقہی معلومات شامل تھیں، جنہیں مختصر کتابچہ 'الوجیز' کی مدد سے آسان انداز میں پیش کیا گیا۔ ساتھ ہی مجالسِ حسینیہ کو علمی منابر کے طور پر اجاگر کیا گیا۔
محترمہ موسوی کے مطابق "یس کورس" خاص طور پر خطیبات کے لیے ترتیب دیا گیا تھا، کیونکہ سورۂ یٰسین کو 'قلبِ قرآن' سمجھا جاتا ہے اور سب سے زیادہ اس کی تلاوت کی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ "خشعت الأصوات" میں شرکت کے لیے درست قراءت اور تجوید کی مہارت لازم تھی۔ یہ کورس بالخصوص صوتی ادائیگی اور مصری طرز پر تلاوت کو بہتر بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔
انھوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ قرآن کریم سے تعلق صرف تلاوت یا صوتی حسن تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ اس کے احکام اور مفاہیم کو عملی زندگی میں نافذ کرنا بھی نہایت اہم ہے۔
آخر میں انہوں نے قرآنی علوم کی تدریس میں مشغول اساتذہ کی محنت اور شرکاء کے عزم و شوق کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔