روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے انجینئرنگ پروجیکٹس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، روضہ مبارک کی لائبریری اور دارالمخطوطات کے تعمیراتی منصوبے کا تقریباً 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
اس پروجیکٹ کے تعمیراتی انچارج انجینئر مصطفیٰ منکوشی نے بتایا ہے کہ منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے، اور اس وقت بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن شدہ مواصلاتی نظام، فائر الارم سسٹم، کولنگ، برقی تنصیبات اور پانی و نکاسی آب کی لائنوں کی تنصیب جیسے بنیادی انفراسٹرکچر کی تکمیل آخری مراحل میں ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کی مجموعی پیشرفت 75 فیصد سے متجاوز ہو چکی ہے۔ یہ منصوبہ کربلا کے تاریخی علاقے باب الخان میں 1500 مربع میٹر کے رقبے پر مشتمل ہے، جب کہ اس کی عمارت 1100 مربع میٹر پر محیط ہے۔
منکوشی کے مطابق منصوبے کا بنیادی ڈھانچہ اور اندرونی تقسیمات کا کام مکمل ہو چکا ہے، جن میں بلاک وال کی تعمیر شامل ہے۔ اس وقت اندرونی و بیرونی تزئین و آرائش کا مرحلہ جاری ہے، جس میں جِبسن، مرمر، پورسلین، سیرامک اور مخصوص اینٹ(جفقیم) کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نےواضح کیا کہ منصوبے میں استعمال ہونے والا تمام ابتدائی تعمیراتی مواد اعلیٰ معیار کا حامل ہے اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ معیارات پر پورا اُترتا ہے، جیسا کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے تمام تعمیراتی وترقیاتی منصوبوں میں روایت رہی ہے۔
واضح رہے کہ یہ منصوبہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے اُن کلیدی علمی و تہذیبی اقدامات میں شامل ہے جن کا مقصد نادر مخطوطات، قیمتی کتب اور علمی ورثے کے تحفظ کے لیے ایک جامع، جدید اور مؤثر ادارہ قائم کرنا ہے۔ یہ منصوبہ ناصرف تحقیق و مطالَعہ کے فروغ میں مددگار ثابت ہو گا بلکہ کربلا کو علمی و ثقافتی لحاظ سے ایک عالمی مرکز میں بھی تبدیل کرے گا۔













