زائرین کی خدمت کے لیے کاظمیہ میں موجود روضہ مبارک کے وفد کے سربراہ خلیل مہدی ہنوں نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ امام محمد تقی(ع) کے یوم شہادت کے موقع پر روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا خدماتی موکب کاظمیہ مقدسہ میں روضہ مبارک امام موسی کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع) کے جوار میں لگایا گیا ہے کہ جو امام محمد تقی(ع) کے عزاداروں کو حسبِ روایت مختلف الانواع خدمات فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا: کہ یہ موکب روزانہ تین اوقات کے کھانے کے علاوہ چوبیس گھنٹے ہلکی پھلکی غذائیں، مشروبات اور پھل بھی زائرین کو پیش کر رہا ہے۔ ہمارے موکب کی طرف سے یہ خدمات دو مقامات پر پیش کی جا رہی ہیں: ایک مرقدِ مطہر(ع) کے نزدیک، اور دوسرا باب المراد والی سڑک کے آغاز پر۔ اس کے علاوہ ہر روز موکب کی طرف سے اس المناک سانحہ کے احیاء کے لیے نمازِ مغربین کے بعد ایک مجلسِ عزاء کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔
ہنوں نے کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متعدد شعبہ جات روضۂ کاظمیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر نظم و نسق، امن وامان اور خدماتی امور مین بھی مدد فراہم کر رہے ہیں، اس کے علاوہ روضۂ عباس(ع) کا طبی امور کا شعبہ بھی اپنے میڈیکل کیمپ کے ذریعے زائرینِ کاظمیہ کو طبی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: روضۂ عباس(ع) کے شعبۂ صحن نے زائرین کے رات ٹھہرنے اور آرام کرنے کے لیے وسیع خیمے نصب کیے ہوئے ہیں جہاں ہر طرح کی شہولیات میسر ہیں۔ اس کے علاوہ، شعبۂ صحن روضہ مبارک امام موسی کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع) کو معطر رکھنے کے لیے خوشبوؤں اور بخورات کا خصوصی اہتمام و استعمال کر رہا ہے۔
اپنی گفتگو کے اختتام پر ہنوں نے بتایا: روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے گزشتہ چند دن پہلے سے ہی شہر کاظمیہ میں قائم دیگر خدماتی مواکب کو بھی بڑی مقدار میں پینے کے صاف پانی اور برف کی فراہمی کا آغاز کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ گرمی کی شدت کو مدِنظر رکھتے ہوئے، ہمارے موکب کی طرف سے تربوز بھی وافر مقدار میں مواکب کو فراہم کیا جا رہا ہے۔